28 نومبر 2026 - 18:17
4 | امام خمینی کا انقلاب؛ 'ذہنی دیوتاؤں' کا زوال اور مہدوی عہد کا طلوع

کیا 1979 کا اسلامی انقلاب مشرقِ وسطیٰ کے جغرافیے میں محض ایک سیاسی تبدیلی تھی، یا یہ جدیدیت کی 400 سالہ بالادستی کے خلاف ایک "تاریخی فتح" کا آغاز تھا؟ اس سوال کا جواب ان واقعات پر روشنی ڈالتا ہے جو اسلامی ایران پر مسلط کردہ دو جنگوں کے بعد رونما ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ اگرچہ بہت سے لوگ عصری واقعات کا جائزہ جدید سیاسیات اور عمرانیات کے پیمانوں سے لیتے ہیں، لیکن ایک گہرا تجزیہ عیاں کرتا ہے کہ امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کی قیادت میں چلنے والی تحریک محض ایک نظام کی تبدیلی سے کہیں بڑھ کر تھی؛ یہ انسانی فکری افق میں ایک تبدیلی کی ترجمانی کرتی تھی؛ یعنی "مغربی مرکزیت" (Western subject-centrism - مغرب کو کائنات کا مرکز سمجھنے کے تصور) کے تعطل، سے نکل کر "توحید" اور "مہدوی" تہذیب کے افق کی جانب پیش قدمی۔ یہ ایک ایسا واقعہ تھا جس نے عصری دنیا کی فکری ساخت کو، بنیادی طور پر، بدل کر رکھ دیا۔

حصۂ چہارم / آخری حصہ:

امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) نے اہم مواقع ـ جیسے 10 فروری 1979ع‍ کو مارشل لاء کی خلاف ورزی کرنے کا فیصلہ، جبکہ آیت اللہ طالقانی جیسی خیر خواہ شخصیات شدید خدشات اور وسیع پیمانے پر خونریزی جیسے اندیشوں کا اظہار کر رہے تھے، ـ اپنے طرزِ عمل سے اس حقیقت کو عیاں کر دیا، جس سے ظاہر ہؤا کہ ان کی قیادت کی بنیاد ایک ایسے افق پر استوار تھی جو محض مادی حساب کتاب سے کہیں بلند تھا۔ وہ انقلاب کو ایک ایسی امانت سمجھتے تھے جسے اس کے حقیقی مالک ـ حضرت بقیۃ اللہ (عَجَّلَ اللہُ تَعَالیٰ فَرَجَہُ الَّشریف) ـ تک پہنچانا ہے۔ اس شمسِ منیر کے راستے پر گامزن ہونے کے لئے ضروری ہے کہ انسان دنیاوی وابستگیوں، القابات، جنسیت اور شہرت سے بالاتر ہوکر، "وجودِ مطلق" سے اتصال و تعلق کے ذریعے اپنی اصل شناخت کو حاصل کر لے۔ بالکل اسی طرح، جیسا کہ علامہ طباطبائی نے اپنی آخری تصنیف "رسالۃ الولایۃ" میں انسان کو، اپنے وجودی فقر (محتاجی) کے ادراک کے لئے، خود شناسی (اور معرفتِ نفس) اور  کثرت کے دائرے سے نکلنے کی دعوت دی ہے۔

اختتامی کلمات

اسلامی انقلاب کوئی مادی فلاحی تحریک، یا  اقتدار کی روایتی منتقلی کا عمل نہیں تھا؛ بلکہ یہ انقلاب، عصرِ حاضر کی انسانیت کو مغربی موضوعیت (اور مغرب کی مرکزیت پر مبنی عالمی تصور) کی قید سے نجات دلانے اور تاریخ کو دوبارہ عالمِ ملکوت سے جوڑنے کی ایک عالمی دعوت کا عنوان تھا۔ قوم پرستانہ رجحانات اور نام نہاد دانشور اس حقیقت کے ادراک میں ناکام رہے؛ کیونکہ وہ مسلسل اپنے ذہنی دیوتا کے ساتھ گٹھ جوڑ اور سمجھوتہ کرنے اور ایک ایسا نظام قائم کرنے کی کوشش کرتے رہے جو مغربی تہذیب کے کنارے (یا حاشیے) میں تک ہی محدود [اور مغربی مرکزیت کے تصور کے تابع] ہو۔ نتیجتاً، یہ [مغرب نواز] گروہ "ولائی" (ولایت پر مبنی) طرزِ فکر سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت سے محروم ہیں؛ ایک ایسی کمزوری جس کا وہ کبھی کبھار پوری سچائی کے ساتھ، برملا اعتراف بھی کر لیتے ہیں۔ یہاں تک کہ بعض اوقات، معاشرے کے انتظام و انصرام میں اپنی عملی نااہلی سے جنم لینے والی شرمساری سے بچنے کے لئے، ـ غیر منصفانہ طور پر ـ اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری حقیقی انقلابی نظریئے پر ڈالنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

تاہم، اس تہذیبی مشن کی بقا اور دوام کا راز اس میں ہے کہ امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کے فلسفیانہ اور عرفانی افکار کا جرات مندانہ انداز سے، ازسرِ نو جائزہ لیا جائے؛ یعنی روایتی اور خیالی تصورات سے نکل کر "اصالۃ الوجود (وجودیت)" کی جانب پیش قدمی کرنا، اور انسانی روح کو اس طرح تیار کرنا کہ وہ "آفتابِ ولایت" کے جلوے کا مشاہدہ کر سکے۔ ان شاء اللہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: مرتضی شفقی

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha